کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ آفاق احمد کی مفاہمت کے بیان کا خیرمقدم کرتا ہوں، ہم 90 کی دہائی والی سیاست دہرانے نہیں دیں گے۔ تشدد کی سیاست کا خاتمہ کریں گے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے کراچی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر فاروق ستار کا ایم کیو ایم حقیقی کے سربراہ آفاق احمد کی مفاہمت کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آفاق احمد سمیت جو بھی مثبت بیان دے گا ہم اس کاخیرمقدم کریں گے۔
تشدد کی سیاست کا وقت گزر گیا ہے اب مفاہمت کا راستہ اختیار کرنا ہوگا، جو بھی فرد مہاجروں کے حقوق کی بات کرے گا اس سے ہاتھ ملائیں گے سیاست میں مفاہمت کےدروازے ہمیشہ کھلےرہتے ہیں۔
فاروق ستار نے کہا کہ اب ہماری پالیسی مفاہمت کی ہوگی، تشدد کی سیاست کا خاتمہ کرینگے، لیکن مفاہمت کےعمل کا اگلا قدم کیا ہوگا ابھی اس حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا۔
مزید پڑھیں : تبدیلی ایم کیوایم کے پلیٹ فارم سے آئے گی،فاروق ستار
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم حقیقی کے سربراہ آفاق احمد نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ آپس میں دست و گریبان ہونے کی بجائے گفت و شنید کے ذریعے معاملات حل کئے جائیں تو یہ مہاجر قوم کے لئے ایک بہترین قدم ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ذاتی مفادات کے لئے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرنے چاہئیں۔ مہاجر قوم کا منقسم ہونا قابل قبول نہیں ہے، کراچی میں مہاجروں کے حقوق کے لئے اسٹیک ہولڈرز سیٹ ایڈجسمنٹ بھی کر سکتے ہیں۔