طور خم : افغان حکومت بھارت کی محبت میں اندھی ہوگئی،مودی مخالف مظاہروں پرافغانوں نے اپنی فورسز کی سرپرستی میں چمن میں باب دوستی پراشتعال انگیزی کی جس پر باب دوستی بند کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مودی کی ہرزہ سرائی اور را کی دہشت گردی کے خلاف بلوچستان کے غیور عوام کے مظاہرے بھارت نواز افغان گروپوں کو برداشت نہ ہوئے اور سرحد پار افغانیوں نے افغانستان کی یوم آزادی کے موقع پر باب دوستی تک ریلی نکالی۔
ریلی کے دوران افغان فورسز کی موجودگی میں اچانک باب دوستی پر دھاوا بول دیا، مظاہرین نے اشتعال انگیز نعرے لگائے اور پتھراؤ کیا، جس سے گیٹ کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ پاکستانی پرچم کی بےحرمتی کرتے ہوئے جلا دیا گیا، پتھراؤ کے وقت افغان فورسز موجود تھی لیکن مشتعل افراد کو نہیں روکا گیا۔
مزید پڑھیں : بھارتی مداخلت اور نریندر مودی کے خلاف بلوچستان بھر میں احتجاج
افغانوں کی اشتعال انگیزی پر باب دوستی کو بند کر دیا گیا، جس سے تجارتی سرگرمیاں، نیٹو سپلائی اور آمدورفت معطل ہوگئی ہے، سرحد پر کنٹینرز اور مال بردار ٹرکوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
سرحد کی بندش سے تاجروں اور عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کی عوام نے بھارتی مداخلت اور نریندر مودی کے بیان کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی، بھارت، نریندر مودی اور براہمدغ بگٹی کے خلاف نعرے لگائے اور بھارتی وزیراعظم کے پتلے اور بھارتی جھنڈے جلائے۔