اسلام آباد: افغان قونصل جنرل کی پاکستانی قومی ترانے کی بےحرمتی کے واقعے کے بعد افغان ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کرلیا گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ پشاور میں قائمقام افغان قونصل جنرل کی بدتہـذیبی اور پاکستانی قومی ترانے کی بے حرمتی پر افغان ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کرلیا گیا ہے، افغان ناظم الامورکو کچھ دیر میں احتجاجی مراسلہ دیا جائے گا۔
افغان قونصلیٹ کے عہدیداروں کی بدتہذیبی اس وقت انتہا کو پہنچ گئی، جب سفارتی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی قومی ترانے کے دوران بیٹھے رہے۔
افغان قونصلیٹ کے عہدیداروں کو آج رحمت العالمین کانفرنس میں پشاور میں دعوت دی گئی، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے افغان قونصلیٹ کےعہدیداروں کو دعوت دی تھی، افغان قونصل جنرل محب اللہ شاکر پاکستان کے قومی ترانے کے دوران بیٹھے رہے۔
افغان قونصل جنرل سفارتی پروٹوکول کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ڈھٹائی، بےشرمی کے ساتھ بیٹھے رہے، قومی ترانے کا احترام نہ کرکے محب اللہ شاکر نے اعلان کیا ہے اسے پاکستان اور قوم کا احترام نہیں۔
افغان قونصل جنرل کا یہ طرزعمل غیرمعمولی واقعے کے طور پر دیکھا جارہا ہے جو کہ سفارتی آداب کے بالکل برخلاف ہے۔