منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

افغانی کرکٹر راشد خان جعل ساز نکلے، دھوکے سے پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کر لیا

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور: افغان کرکٹر راشد خان جعل ساز نکلے، نادرا کا کہنا ہے کہ راشد خان نے افغانی شہریت چھپا کر جعلی دستاویزات پر پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کیا۔

تفصیلات کے مطابق نادرا کے ترجمان فائق علی چاچڑ نے کہا ہے کہ راشد خان جن کا اصلی نام راشدین ہے نے دھوکہ دہی سے 2014 میں شناختی کارڈ حاصل کیا۔

ترجمان نادرا کے مطابق افغان کرکٹر راشدین کی ماں پاکستانی ہے جب کہ باپ افغانی ہے، انھوں نے شناختی کارڈ نادرا سینٹر پشاور سے حاصل کیا۔

راشد خان ارمان افغان قومی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں، وہ جون 2018 میں انڈیا کے خلاف اوّلین ٹیسٹ میچ میں افغان ٹیم کے گیارہ کھلاڑیوں میں شامل تھے۔

نادرا کے ترجمان نے بتایا کہ راشدین کے والد نے بھی جعلی دستاویزات پر پاکستانی کارڈ حاصل کیا تھا، راشدین اور ان کے والد خلیل خان کا شناختی کارڈ بلاک کر دیا گیا ہے۔

قبائلی ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں راشدین کا خاندان اب بھی مقیم ہے، افغان کرکٹر 2012 سے 2014 تک اسلامیہ کالج میں پڑھتے رہے، وہ کئی ٹورنامنٹس میں اسلامیہ کالج کی طرف سے کھیل چکے ہیں۔


یہ بھی پڑھیں:  پاکستان میں 14 لاکھ افغان شہری رہائش پذیر ہیں: رپورٹ


نادرا ذرائع کا کہنا ہے کہ راشدین کے خاندان کے دیگر افراد بھی جعلی دستاویزات پر پاکستانی کارڈ بنا چکے ہیں، ان کے رشتہ داروں کے کارڈ اب بھی ایکٹو ہیں۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے ایک ہفتہ قبل کہا تھا کہ افغان اور بنگالی مہاجرین کو زبردستی واپس نہیں بھیج سکتے، مہاجرین کے یہاں پیدا ہونے والے بچوں کو شہریت ملنی چاہیے۔

وفاقی حکومت کی رپورٹ کے مطابق اس وقت ملک میں مہاجر کیمپوں میں رہائش پذیر افغان شہریوں کی تعداد 9 لاکھ 45 ہزار 131 ہے، جب کہ کیمپوں سے باہر 9 لاکھ 41 ہزار 854 رہائش پذیر ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں