بلوم برگ نے کہا ہے کہ ستمبر میں افغان کرنسی کی قدر میں 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، افغانستان کو کروڑوں ڈالر انسانی امداد کا فائدہ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق بلوم برگ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ افغان کرنسی کی قدر میں ستمبر میں نمایا بہتری آئی ہے اور اس میں 9 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ افغان عبوری حکومت نے کرنسی کنٹرول کے مؤثر اقدامات کیے ہیں
بلوم برگ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ افغانستان کو کروڑوں ڈالرز کی انسانی امداد کا بھی فائدہ ہوا۔ ایشیائی ہمسایہ ممالک کے ساتھ بڑھتی ہوئی تجارت کی وجہ سے بھی پاکستان کے پڑوسی ملک کو فائدہ پہنچا ہے۔
عالمی بینک کی ایک رپورٹ کے مطابق افغانستان میں بے روزگاری بہت زیادہ ہے، دو تہائی گھرانے بنیادی اشیا خریدنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور افراط زر شدت اختیار کر چکا ہے لیکن افغانی کرنسی کی قدر میں اضافہ ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ کروڑوں ڈالر کی امداد نے افغانستان کی کرنسی کو اس سہ ماہی میں عالمی درجہ بندی میں سب سے اوپر پہنچا دیا ہے۔
دو سال قبل اقتدار پر قبضہ کرنے والے حکمران طالبان نے متعدد اقدامات کیے ہیں، جن میں مقامی لین دین میں ڈالرز اور پاکستانی روپے کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
طالبان کی جانب سے آن لائن ٹریڈنگ کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو قید کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔