لاہور: گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2772 سے زائد غیر قانونی مقیم شہریوں کو ہولڈنگ سینٹرز پہنچایا گیا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1336 افراد کو متعلقہ اداروں کی مدد سے ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے، جب کہ 2772 سے زائد افغان شہری ہولڈنگ سینٹرز پہنچائے گئے، 2810 غیر قانونی مقیم شہری پہلے سے ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔
غیر قانونی مقیم شہریوں کے انخلا کے لیے صوبے بھر میں 46 ہولڈنگ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، آئی جی پنجاب عثمان انور کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مقیم شہریوں کے پنجاب سے انخلا کے دوران سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔
کارڈ ہولڈر مہاجرین کو وقت مل گیا، بلوچستان ہائیکورٹ کا حکم
آئی جی نے کہا ہے کہ غیر قانونی مقیم تمام غیر ملکی شہریوں کو ہر صورت واپس بھجوایا جائے گا، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس، کھانے پینے سمیت دیگر انتظامات متعلقہ ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، انھوں نے ہدایت کی کہ سی سی پی او لاہور، آر پی اوز، ڈی پی اوز انخلا کے عمل میں تیزی لائیں۔
ادھر اٹک کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ 700 سے زائد افغان شہریوں کو ضلعی کیمپ منتقل کیا جا چکا ہے، 200 سے زائد افغان شہریوں کو طورخم بارڈر سے افغانستان منتقل کر دیا گیا، ضلع کی تمام 6 تحصیلوں کے اے سی اور انتظامیہ آپریشن میں متحرک ہے۔