اسلام آباد: چارملکی مصالحتی کمیٹی نے افغان حکومت اورطالبان پر جلد مذاکرات کیلئے زور دیا ہے، اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں امن کیلئے شدت پسندی کا خاتمہ ضروری ہے، افغان حکومت اور طالبان کے درمیان جلد براہ راست مذاکرات پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیداکرنے کی کوشش کی جائے گی، افغان قیادت نے مفاہمتی عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
چار ملکی کمیٹی کا اگلا اجلاس اٹھارہ جنوری کو کابل میں ہوگا۔
اجلاس سے خطاب میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ اجلاس کا مقصد افغان حکومت اور طالبان میں مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانا ہے، پاکستان افغانستان میں پائیدار قیام امن کا خواہشمند ہے۔
مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اس بات کی تردید کی کہ ملا اختر منصور نے طالبان کو مذاکرات کرنے سے منع کیا .اجلاس میں امریکہ کی جانب سے رچرڈ اولسن ،چینی نمائندہ خصوصی،افغان نائب وزیر کارجہ حکمت یار کرزئی اور ہ پاکستان سے وزارت خارجہ کے سیکرٹری اعزاز چوہدری نے نمائندگی کی۔