جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

پاکستانی گلوکارخیال محمد کیلئے افغان صدارتی ایوارڈ

اشتہار

حیرت انگیز

کابل : افغانستان کی حکومت نے پشاور سے تعلق رکھنے والے پشتو موسیقی کے شہنشائے غزل کہلانے والے نامور سینیئر گلوکار خیال محمد کو اعلیٰ صدارتی ایوارڈ میر بچہ خان میڈل سے نوازا ہے۔ افغانستان سے باہر کسی گلوکار کو ملنے والا یہ پہلا قومی اعزاز ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو پشاور میں افغان قونصلیٹ کی طرف سے ایک تقریب کا انقعاد کیا گیا جس میں پشتو گلوکار خیال محمد کو افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی کی طرف سے صدارتی میڈل دیا گیا۔

اس موقع پر پشاور میں متعین افغان کونسل جنرل ڈاکٹر عبد اللہ وحید پویان کی طرف سے ڈاکٹر اشرف غنی کا ایک تحریری پیغام بھی پڑھ کر سنایاگیا جس میں خیال محمد کی موسیقی کے لیے خدمات پر ان کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق 70 سالہ خیال محمد گذشتہ کچھ عرصہ سے علیل ہیں وہ چل پھر بھی نہیں سکتے۔ اس موقع پر خیال محمد نے ویل چیئر پر تقریب میں شرکت کی اور اپنا ایوارڈ وصول کیا۔

انہوں نے کہا کہ افغان صدر اشرف غنی کی طرف سے ملنے والا اعلیٰ ایوارڈ صرف ان کی خدمات کا صلہ نہیں بلکہ یہ دونوں ممالک کے فنکاروں کےلیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے فنکار ایک ہیں اور وہ کسی صورت ایک دوسرے سے جدا نہیں ہوسکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی خواہش اور دعا ہے کہ ایسے اعزازات ان دیگر فنکاروں کو بھی ملنا چاہیے جنہوں نے ان سے زیادہ فن کی خدمت کی ہے۔

تقریب میں شریک خیبر پختونخوا حکومت کے نمائندے شوکت علی یوسفزئی نے کہا کہ افغان اور پاکستانی حکومتوں کے درمیان بلا کتنے ہی اختلافات کیوں ہوں دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے جدا نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے خیال محمد کو ایوارڈ سے نوازنے پرافغان صدر اشرف غنی کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں سیاسی جماعتوں کے رہنما، اعلیٰ سفارتی اہلکار، فنکاروں اور صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں