اسلام آباد: امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد کا دورہ پاکستان کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کے دوران نمائندہ خصوصی کا دورہ پاکستان اہمیت کا حامل ہے۔ دورے میں افغان مفاہمتی عمل سمیت خطے کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زلمےخلیل زاد کا جمعرات کو ایک روزہ دورہ پر اسلام آباد آنے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ امریکی نمائندہ خصوصی کا دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ دورے میں زلمے خلیل زاد کی پاکستان کے اعلیٰ حکومتی اہلکاروں سے ملاقاتیں ممکن ہیں۔ دریں اثنا اہم موضوعات زیربحث آئیں گے۔
زلمے خلیل زاد افغان مفاہمتی عمل پر پاکستانی قیادت سے مشاورت کریں گے۔ خیال رہے کہ پاکستان نے امریکا اور طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے ہمیشہ سے اہم کردار ادا کیا، جس کا مقصد خطے میں امن وسلامتی کو فروغ دینا ہے۔ اسی نتاظر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی پاکستان کے معترف رہے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کے باعث مشرقی وسطیٰ میں سنگین صورت حال ہے۔ ایران نے عراق میں قائم امریکی فوجی اڈے پر میزائل داغے جو ایرانی جنرل کی ہلاکت پر انتقامی کارروائی تھی۔