لاہور : افغانستان کے صدر اشرف غنی پاکستان کا دو روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس چلے گئے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے افغان صدر کو ایئرپورٹ پر رخصت کیا۔
تفصیلات کے مطابق افغان صدر اشرف غنی پاکستان کے دو روزہ دورے کے بعد جمعہ کی شام افغانستان واپس روانہ ہوگئے انہیں پنجاب کے وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے الوداع کہا۔
ایئرپورٹ پر افغان صدر اشرف غنی کو رخصت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آپ کا دورہ پاک افغان تعلقات کو نئی جہت دے گا، پاکستان اور افغانستان برادرانہ اسلامی ملک ہیں، ہماری قدریں مشترک ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دور میں پاک افغان تعلقات میں بہت بہتری آئی ہے، عثمان بزدار نے افغان صدر کو دورہ لاہور کی تصاویر کا البم پیش کیا۔
اس موقع پر افغان صدر اشرف غنی نے تصاویر دیکھ کر مسرت کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مجھے بہت محبت ملی، یہ البم میرے لئے یاد گار ہے، شاندار مہمان نوازی پر آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہاں سے خوشگوار یادیں لے کر جارہا ہوں۔