جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹر جے پی ڈومنی نے چیمپئنزٹرافی کے حوالے سے کہا ہے کہ افغانستان کرکٹ ٹیم ڈارک ہارس ثابت ہوسکتی ہے۔
لاہور کے شاہی قلعہ میں چیمپئنزٹرافی کی رنگارنگ افتتاحی تقریب میں موجود جے پی ڈومنی نے سیمی فائنل ٹیموں کے حوالے سے بھی اپنی پسندیدہ ٹیموں کے بارے میں بتایا، سابق پروٹیز کرکٹر نے کہا کہ نیوزی لینڈ، پاکستان، افغانستان، جنوبی افریقہ، بھارت سیمی فائنل میں جاسکتے ہیں۔
افتتاحی تقریب میں موجود اور ایونٹ کے سفیر سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہم چیمپینزٹرافی کے پاکستان میں انعقاد پر بہت خوش ہیں، بھارت کیخلاف چیمپئنزٹرافی 2017 کا فائنل جیتنے کی خوشی بیان نہیں کرسکتا۔
سرفراز احمد نے کہا کہ اس فائنل سے ہماری بہت ساری یادیں جڑی ہیں، اسکواڈ کو بھرپور سپورٹ کرتا ہوں، یہ ہمیں ایک بار پھر چیمپئن بنائےگا۔
دریں اثنا شاہی قلعہ میں چیمپئنزٹرافی کی رنگارنگ افتتاحی تقریب کا انعقاد ہوا، جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی چیمپئنز ٹرافی فاتح کپتان سرفراز احمد، جنید خان، حسن علی، محمدعامر اور اظہر علی نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ آل راؤنڈر شاداب خان، عمادوسیم اور حارث سہیل بھی تقریب میں موجود تھے جبکہ گلوکار عاطف اسلم نے اس افتتاحی تقریب میں آواز کا جادو جگایا۔
غیرملکی کرکٹرز میں ٹم ساؤتھی، جےپی ڈومنی، آئی سی سی آفیشلز، سابق سی ای او آئی سی سی جیف ایلر ڈائس، ایونٹ ہیڈ سارہ ایڈگر و دیگر موجود تھے۔