اسلام آباد : خیبر ایجنسی میں افغانستان سے راکٹ حملے میں پاک فوج کے چار جوان شہید اور چار زخمی ہونے کے واقعے پر دفتر خارجہ نے افغان سفیر کو طلب کرکے واقعے پر شدید احتجاج کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے افغانستان کی جانب سے مسلسل سرحدی خلاف ورزی اور افغان فوجیوں کے حملے میں چار فوجی اہل کاروں کی شہادت پر سخت احتجاج کرتے ہوئے افغان سفیر جانان موسٰی زئی کو دفتر خارجہ طلب کیا۔
افغانستان کی جانب سے کئے گئے راکٹ حملے پر پاکستان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے افغان سفیر جانان موسٰی زئی کو احتجاجی مراسلہ بھی دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان کی جانب سے شر پسندوں نے خیبر ایجنسی میں قائم پاک فوج کی پوسٹ پر راکٹ حملہ کیا۔
اچانک ہونے والے اس حملے میں چار فوجی جوان شہید جبکہ دیگر چار زخمی ہوگئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کردیا۔ جوابی کارورائی میں کئی دہشت گرد بھی مارے گئے۔
ادھر پاکستانی حکام کی جانب سے افغان سفیر جانان موسیٰ زئی کو دفتر خارجہ طلب کر کے راکٹ حملے پر افغان حکومت سے شدید احتجاج کیا گیا۔