کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خودکش بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق افغان دارالحکومت کابل کے علاقے قبل بائی میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دھماکے کی ذمہ داری ابھی تک کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پولیس کمانڈر بسم اللہ تابان نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ خودکش حملہ آور کے ہدف کے بارے میں ابھی کچھ کہا نہیں جا سکتا۔
دوسری جانب افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے بتایا کہ خودکش دھماکہ کابل کے علاقے قبل بائی میں ہوا جس میں 4 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں یہ خودکش دھماکہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب دو روز قبل افغان صدر اشرف غنی نے طالبان کو مذاکرات کی پیشکش کی تھی۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 24 فروری کو افغانستان کے مختلف شہروں میں بم دھماکوں کے نتیجے میں فوجی اہلکاروں سمیت 25 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
کابل میں کاربم دھماکہ، 95 افراد ہلاک، 158 زخمی
یاد رہے کہ رواں سال 27 جنوری کو افغان دارالحکومت کابل میں واقع وزات داخلہ کے پرانے دفتر کے قریب ایمبولینس میں سوار حملہ آور نے خود کو دفتر کے مرکزی گیٹ پر دھماکے سے اڑا لیا تھا جس کے نتیجے میں 95 افراد ہلاک اور 158 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔