کراچی : ایم کیو ایم کے کارکن آفتاب احمد کی دوران حراست ہلاکت کے معاملے پرچار رینجرز اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ افسوسناک ہے، مکمل تحقیقات ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کے کو آرڈینیٹر آفتاب احمد کی گزشتہ تین مئی کو دوران حراست انتقال پر رینجرز نے چار اہلکاروں کو تحقیقات کے بعد معطل کردیا ہے۔
ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ واقعہ افسوسناک ہے، مکمل انکوائری کی جائے گی، ان کا کہناتھا کہ قیام امن میں رینجرز کی قربانیاں ضائع نہیں ہونے دی جائیں گی۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار کے کو آرڈینیٹر آفتاب احمد کو یکم مئی کو فیڈرل بی ایریا سے گرفتار کیا گیا تھا، بعد ازاں عدالت نے انہیں نوے روز کیلئے جسمانی ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے کیا تھا۔
منگل تین مئی کی صبح انہیں انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج انتقال کر گئے تھے۔
ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے عہدیداران نے رینجرزاہلکاروں کے خلاف کارروائی کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ امیدہے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے حکم کے مطابق آفتاب احمد کی شہادت پر انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے۔