اسرائیلی جیل سے 21 سال بعد رہائی پانے والا فلسطینی جانباز گھر میں جاں بحق ہو گیا۔
اپنی آزادی دوبارہ حاصل کرنے کے صرف ایک ہفتہ بعد نائل سلامہ عبید کی زندگی اس وقت اچانک اور المناک انجام سے دوچار ہو گئی جب وہ ہفتے کے روز مشرقی یروشلم کے شہر اساویہ میں اپنے گھر کی چھت سے گر گئے۔
46 سالہ عبید نے 21 سال اسرائیلی جیل کی دیواروں کے پیچھے گزارے۔
وہ حماس کے عسکری ونگ قسام بریگیڈز کے ساتھ اپنی شمولیت اور عسکریت پسندانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں سات عمر قید کی سزا کے علاوہ 30 اضافی سال کاٹ رہے تھے۔ ان کی رہائی غزہ جنگ بندی سے منسلک قیدیوں کے تبادلے کے چھٹے دور کا حصہ تھی۔
عینی شاہدین کے مطابق عبید گرنے سے شدید زخمی ہوئے جنہیں حداسہ اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹر اسے بچانے میں ناکام رہے۔ ان کی اچانک موت نے خاندان اور دوستوں کو صدمے میں ڈال دیا ہے۔
دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک، عبید نے جیل کے سخت حالات، قید تنہائی کے ادوار اور احتجاج میں بھوک ہڑتالیں برداشت کیں۔ گھر واپسی کا اُن کا خواب آخرکار پورا ہوا لیکن افسوسناک طور پر یہ مختصر تھا۔