شادی میں کھانا کھانے کے بعد دولہا دلہن سمیت 50 کے قریب افراد کی حالت غیر ہوگئی، تمام افراد کو سول اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں داخل کرانا پڑا۔
بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں ایک عجیب واقعہ پیش آیا ہے جس میں شادی کی دعوت کھانے کے بعد نوبیاہتا جوڑے سمیت تقریباً 50 افراد فوڈ پوائزننگ کا شکار ہو گئے جس کے بعد انھیں سول اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں داخل کرایا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 50 میں سے 45 افراد نے کھانے کے بعد فوڈ پوائزننگ کی شکایت کی تھی جبکہ دلہن کے پانچ رشتہ داروں نے احمد آباد کے منی نگر میں ایل جی اسپتال میں اپنا علاج کروایا۔
یہ شادی کی تقریب 12 فروری کو منعقد ہوئی تھی۔ تاہم رخصتی کے کچھ دیر بعد ہی رات گئے ہمانشو بھاوسار نامی لڑکے کی بارات میں شامل مہمانوں کو شدید قے اور دست کی شکایت ہونے لگی
شادی میں مہمانوں کو استقبالیہ مشروب کے طور پر انناس کا ملک شیک پیش کیا گیا تھا، شبہ ہے کہ اسے پی کر لوگ بیمار ہوئے۔
اس کے علاوہ شادی میں کھانے کے مختلف آئٹمز جیسے سوپ، سلاد، گاجر کا حلوہ، زیرہ رائس، دال فرائی، روٹی، پنیر اور سبزی کے پکوان بھی شامل تھے۔
شادی میں شریک ایک مہمان کا کہنا تھا کہ شادی سے واپسی کے دوران ہی کئی افراد کی حالت غیر ہوگئی۔ فوری طور پر تین ایمبولینس کے ذریعے انھیں سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال کے حکام کا مریضوں کی حالت کے حوالے سے کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کی صحت کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔