لاہور : لاہور میں آن لائن ٹیکسی سروس اوبر اور کریم کے خلاف کریک ڈاؤن کے بعد کراچی میں بھی تیاریاں شروع کردی گئیں، کراچی میں اوبر اور کریم ٹیکسی سروس کے خلاف کارروائی کے لئے سیکریٹری ٹرانسپوٹ نے پی ٹی اے کو ایپلیکیشن بند کرنے کے لئے خط لکھ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے اوبر، کریم اور اے ون سروس کے نام سے کیب سروس مہیا کرنے والی کمپنیوں کو غیر قانونی قرار دے کر کریک ڈاون شروع کر دیا۔
محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے غیر قانونی سروس کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کرتے ہوئے 100 سے زائد گاڑیوں کو تحویل میں لے لیا ہے اور فی گاڑی 2000 روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری کیے جانے والے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اوبر، کریم ٹیکسی سروس غیر قانونی ہیں، اس لیے ان کے خلاف فوری طور پر کریک ڈاﺅن کیا جائے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ پرائیویٹ گاڑیوں کو ٹیکسی کے طور پر استعمال کرنے کے لیے رجسٹریشن کرائی جائے اور روٹ پرمٹ لیا جائے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ نے غیر قانونی طور پر چلنے والی کیب سروس گاڑیوں اور ڈرائیورز کو پکڑنے کے لئے سی ٹی او کیپٹن احمد مبین اور سی ای او ایل ٹی سی خواجہ حیدر لطیف سے مدد مانگ لی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں بھی آن لائن ٹیکسی سروس اوبر اور کریمی کے خلاف کاروائی کی تیاریاں شروع کردی گئی ہے ، ٹیکسی سروس کے خلاف کارروائی کے لئے سیکریٹری ٹرانسپوٹ نے پی ٹی اے کو ایپلیکیشن بند کرنے کے لئے خط لکھ دیا ہے۔
واضح رہے کہ اوبر، کریم ٹیکسی سروسز دنیا بھر میں آن لائن ایپ کے ذریعے ڈور ٹو ڈور کیب سروس مہیا کرتی ہیں۔ ان کمپنیوں کی سروس سے فائدہ اٹھانے کیلئے صارفین کا اینڈرائڈ موبائل یوزر ہونا ضروری ہوتا ہے، کوئی بھی شہری موبائل فون پر اوبر ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کر کے حسبِ ضرورت کسی بھی جگہ مختصر وقت میں ٹیکسی منگوا سکتا ہے۔