بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان نے بیٹے ابراہیم علی خان کو فلم انڈسٹری میں لانچ کرنے کی تیاریاں کرلیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان کے بڑے صاحبزادے ابراہیم علی خان ہدایت کاری کے بعد اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے کے لیے تیار ہیں۔
ابراہیم علی خان آئندہ برس کرن جوہر کی فلم کے ذریعے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کریں گے، فلم آئندہ سال یا پھر 2024 میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ابراہیم علی خان ان دنوں کرن جوہر ہی کی نئی آنے والی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
فلم راکی اور رانی میں رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ اداکاری کے جوہر دکھائیں گے جبکہ دیگر کاسٹ میں دھرمیندر، جیا بچن، شبانہ اعظمی ودیگر شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کرن جوہر کی فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ سے اداکارہ عالیہ بھٹ، ورون دھون اور سدھارتھ ملہوترا نے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
دوسری جانب سیف علی خان کی حالیہ ریلیز ’وکرم ویدھا‘ باکس آفس پر فلم بینوں کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہی جبکہ ان کی صاحبزادی سارہ علی خان فلم ’سمبا‘، ’لو آج کل ٹو‘ کیدرناتھ میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔