کراچی : کھانے پینے کی روز مرہ کی اشیاء عوام کی پہنچ سے باہر ہونے لگیں ، کراچی میں دودھ اور چکن کی قیمتوں کے بعد چینی کی قیمتوں میں بھی من مانہ اضافہ کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف بازاروں میں اشیاء خوردنوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، میں آٹا ، دودھ ، گوشت ، چکن ، پھل اور سبزیوں سمیت دیگر اشیائے خوردونوش عوام کی پہنچ سے دور ہوگئی ہے۔
مرغی کا گوشت 800 روپے فی کلو سے زائد میں فروخت ہو کر بیف کے بھاو بکنے لگا جبکہ چینی 130 روپے فی کلو سے زائد میں دستیاب ہیں۔
اس کے ساتھ ہی بے لگام دودھ فروش مافیا نے دودھ غیر قانونی طور پر 230 روپے میں فروخت کرکے ریکارڈ بنا دیئے، روز مرہ کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں اچانک اضافہ متعلقہ محکموں کی کاکردگی پر سوالیہ نشان ہے،۔
دوسری جانب فیصل آباد میں مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، اشیاء خورونوش کی روز بروز بڑھتی قیمتوں کے باعث غریب کے لئے دو وقت کی روٹی کھانا بھی مشکل ہو گیا ہے۔
آٹا 140 ، چینی 125 ، کوکنگ آئل 650 ، مٹن دو ہزار جبکہ چکن 700 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں نے غریب کا جینا محال کر دیا ہے، سبزیاں اور پھل بھی اب عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتے جارہے ہیں ۔
شہریوں نے مزید کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے ، حکمران 32 ہزار روپے میں گھر کا بجٹ بنا کر دکھائیں۔
عوام کا کہنا ہے کہ بیروزگاری کے باعث پہلے ہی سخت مالی پریشانیوں کا شکار ہیں جبکہ حکومتی ناقص پالسیوں سے مسلط ہونے والی مہنگائی نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، پی ٹی سی ریکارڈڈ حکومت نے اشیاء خورونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کم کرنے کے لئے جلد اور ٹھوس اقدامات نہ کئے تو آنے والے دنوں میں غریب کے لئے جینا بھی مشکل ہو جائے گا۔