اسلام آباد: حکومت کی کفایت شعاری مہم کے تحت وزیر اعظم ہاؤس کے بعد وزارت مواصلات میں بھی گاڑیوں کی نیلامی کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت مواصلات میں گاڑیوں کی نیلامی کے حوالے سے وزیرمملکت مراد سعید کی ہدایت پر دارالحکومت میں نیلامی کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔
وزارت مواصلات میں گاڑیوں کی نیلامی کے پہلے مرحلے میں چھہتر گاڑیاں نیلام کی جائیں گی، اگلے مرحلے میں کراچی اور کوئٹہ میں گاڑیاں نیلامی کے لیے پیش کی جائیں گی۔
مجموعی طور پر دو سو چھیالیس گاڑیاں نیلام کی جائیں گی۔
حکومت کی کفایت شعاری مہم، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی گاڑیوں کی نیلامی 24 اکتوبر کو ہوگی
خیال رہے کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی چھ استعمال شدہ گاڑیاں اورایک موٹر سائیکل چوبیس اکتوبر کو نیلام کی جائیں گی، گاڑیوں کا معائنہ دن گیارہ سے ایک بجے تک پارلیمنٹ ہاؤس میں کیا جاسکتا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی نیلامی کے لیے پیش کی گئی ایک سو دو گاڑیوں میں چوہتر فروخت ہوئیں تھی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس کی قیمتی گاڑیوں کی نیلامی کے ذریعے پیغام دینا تھا کہ عوام کے پیسے کا غلط استعمال ہرگز نہیں ہوگا۔ نئے پاکستان میں کفایت شعاری مہم کا گھر سے آغاز کیا ہے۔
اس حوالے سے ایڈمنسٹریٹر وزیراعظم ہاؤس نے میڈیا کو بتایا تھا کہ102میں سے61گاڑیاں 20کروڑ روپے سے زائد میں نیلام ہوئیں، جس میں تین لینڈ کروزر8 کروڑ، 5 ہزارسی سی کی چار بلٹ پروف مرسڈیز بینز ساڑھے چار کروڑ اور ایک ٹویوٹا لینڈ کروزردو کروڑ 74 لاکھ روپے میں نیلام ہوئی۔