بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے 42 برس کی عمر میں نوجوانوں کے لیے مشہور ٹی 20 کرکٹ میں بڑا کارنامہ انجام دے دیا۔
بھارت کو اپنی قیادت میں دوسری بار ورلڈ چیمپئن، ٹی ٹوئنٹی چیمپئن، چیمپئنز ٹرافی جتوانے کے اعزازات رکھنے والے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی انٹرنیشنل کرکٹ سے تو ریٹائرڈ ہوگئے ہیں مگر آئی پی ایل میں انہوں نے دھوم مچا رکھی ہے۔
مہندرا سنگھ دھونی آئی پی ایل کی تاریخ میں اپنی ٹیم چنئی سپر کنگز کو پانچ بار چیمپئن اور دو بار چیمپئنز لیگ ٹی 20 بنانے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں اور آج بھی 42 سال کی عمر میں ان کی وکٹ کیپنگ کمال کی ہے۔
گزشتہ روز ایک میچ میں مہندرا سنگھ دھونی نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بڑا کارنامہ انجام دیا اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں وکٹوں کے عقب میں 300 شکار کرنے والے پہلے وکٹ کیپر بن گئے۔
مہندرا سنگھ دھونی نے 367 اننگز میں 300 کھلاڑیوں کو وکٹوں کے پیچھے شکار کر کے پویلین کی راہ دکھائی اور دنیا میں نئی پہچان بنائی۔