کوہاٹ : ورک ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند افراد ہوشیار ہوجائیں ، شہریوں سے بیرون ملک ملازمت کے نام پر لاکھوں روپے بٹورنے والے کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کوہاٹ زون کی بنوں میں کارروائی کرتے ہوئے ورک ویزے کے نام پر فراڈ میں ملوث ایجنٹ فہیم خان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم نے شہریوں سے بیرون ملک ملازمت کے نام پرلاکھوں روپے لیے۔
ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ ملزم سے 32 پاسپورٹس ، موبائل فون اور دیگر شواہد برآمد ہوئے ہیں ، ملزم بغیر لائسنس شہریوں سے پاسپورٹ وصول کر رہا تھا۔
ترجمان نے کہا کہ دیگرملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
یاد رہے فیصل آباد میں ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ کے الزام میں ٹریول ایجنسی کے مالک کو گرفتار کیا گیا تھا، ملزم شہزاد جعلی اوورسیز ایمپلائمنٹ لائسنس پر لاکھوں روپے وصول کرتا تھا۔
دفتر سے چار پاسپورٹس ، ورک ویزا ریکارڈ ، ٹرانزیکشن کے رجسٹرز ، اوکے ٹو بورڈ کی جعلی مہریں ، دو موبائل فون اور لیپ ٹاپ برآمد ہوا۔