منگل, ستمبر 17, 2024
اشتہار

آغا شاہی: پاکستان کی خارجہ پالیسی کا معمار

اشتہار

حیرت انگیز

آغا شاہی پاکستان کے ممتاز ترین سفارت کاروں میں سے ایک تھے جنہوں نے ملکی تاریخ کے نازک لمحات میں خارجہ پالیسی کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔ سفارت کاری کے میدان میں آغا شاہی کی کاوشیں اور ملک کے لیے خدمات موجودہ دور میں ریاستی اداروں اور متعلقہ محکموں میں نئے آنے والوں کے لیے ایک مثال ہیں۔

آغا شاہی کا کیریئر کئی اہم کام یابیوں اور مختلف امور اور مسائل کا حل نکالنے کی وجہ سے نمایاں ہے۔ ان کے سفارتی کیریئر کا آغاز 1951 میں اس وقت ہوا جب وہ نیویارک میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے پہلے سیکرٹری مقرر ہوئے۔ اقوام متحدہ میں ان کا کام بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی اہمیت اور دنیا میں اس کے کردار کو نمایاں‌ کرنا تھا۔ انہوں نے یہ کام بخوبی انجام دیا۔ اگلی دو دہائیوں کے دوران آغا شاہی نے مختلف عہدوں پر خدمات انجام دیں جن میں بیلجیئم، نیدرلینڈز اور لکسمبرگ سمیت متعدد ممالک میں پاکستان کے بطور سفیر ذمہ داریاں نبھانا بھی شامل تھا۔

آغا شاہی 25 اگست 1920 کو برطانوی ہندوستان میں بنگلور کے ایک گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم بنگلور میں حاصل کی اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے سائنس میں ڈگری لینے کے بعد کیمبرج یونیورسٹی سے قانون کی تعلیم حاصل کی۔
اس تعلیمی پس منظر نے انہیں عالمی سیاست اور بین الاقوامی امور سے متعلق شعور اور آگاہی دی اور اسی نے بطور سفارت کار ان کو کئی اہم معاملات میں سرگرم کردار ادا کرنے کے قابل بنایا۔

- Advertisement -

آغا شاہی کا 1941 میں انڈین سول سروس (ICS) میں شمولیت سفارت کاری میں ایک شاندار کیریئر کا آغاز تھا۔ ان کی ابتدائی پوسٹنگ مختلف انتظامی کرداروں میں ہوئی، لیکن 1947 میں تقسیم ہند کے بعد وہ پاکستان آئے تو فارن سروس میں شمولیت اختیار کی اور جلد ہی اگلی صفوں میں جگہ بنالی۔ یہاں‌ تک کہ آغا شاہی 1973 میں پاکستان کے سیکرٹری خارجہ مقرر ہوئے۔ یہ دور اہم جغرافیائی سیاسی چیلنجوں سے بھرپور تھا۔ جس میں انڈیا کے ساتھ 1971 کی جنگ کے بعد کی صورت حال اور دونوں ممالک کے درمیان فیصلہ کن مذاکرات کا مرحلہ بھی شامل تھا۔ اس میں آغا شاہی نے پاکستانی وفد کی راہ نمائی کی اور خاص طور پر کشمیر پر اپنے مؤقف سامنے رکھتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے کردار ادا کیا۔ آغا شاہی نے ایک اور اہم اور بڑے نازک دور میں پاکستان کو اپنی ذہانت اور تجربہ کی بنیاد پر کام یابی دلوائی۔ یہ وہ وقت تھا جب سرد جنگ کے تناظر میں امریکہ اور سوویت یونین کے ساتھ تعلقات برقرار رکھتے ہوئے متوازن خارجہ پالیسی کے تحت آگے بڑھنے کی ضرورت تھی۔ آغا شاہی نے اس وقت سیکرٹری خارجہ کے طور پر اہم کردار ادا کیا اور اس وقت کے وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ مل کر کام کیا۔ اس کے ساتھ وہ اسلامی تعاون تنظیم (OIC) میں پاکستان کی جانب سے کردار اور اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے فلسطینیوں اور دیگر مسلم اکثریتی ممالک کی وکالت بھی پُر زور اور مؤثر انداز میں کرتے رہے۔ 1977 میں آغا شاہی کو پاکستان کا وزیر خارجہ مقرر کیا گیا اور جنرل ضیاء الحق کے دور حکومت میں 1982 تک وہ اس منصب پر رہے۔

6 ستمبر 2006 کو آغا شاہی 86 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ انہیں پاکستان کے اعلیٰ ترین سول اعزاز نشان امتیاز سے نوازا گیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں