کراچی : سندھ حکومت نے نیب کے شکنجے میں پھنسے اسپیکر سندھ اسمبلی کو بلانے کا نیا راستہ نکال لیا، آغا سراج درانی کی زیر صدارت بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے فیصلہ کرلیا ہے کہ اجلاس ہو یا نہ ہو آغا سراج درانی کو نیب کی حراست سے نکال کر اسمبلی اجلاس لایا جائے گا، اس کیلئے ایک نیا قانونی راستہ نکال لیا گیا۔
اسپیکر سندھ اسمبلی کا ایک اور پروڈکشن آرڈر جاری کر کے آج بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا، جس کی صدارت آغا سراج درانی کریں گے،حالانکہ سندھ اسمبلی کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس جو کئی روز سے تعطل کا شکار تھا۔
یاد رہے کہ سندھ اسمبلی اجلاس کے اکیس مارچ تک مؤخر ہونے کے بعد آغا سراج درانی کا پروڈکشن آرڈر غیر مؤثرہوگیا تھا جس کے بعد یہ نیا راستہ نکالا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: نیب کی طلبی کے باوجود آغا سراج درانی کی پوری فیملی اچانک امریکا روانہ
یاد رہے کہ آمدن سے زائد اثاثوں اور کرپشن کے الزامات پر گرفتار اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے اہل خانہ اچانک امریکا چلے گئے۔
قوی احتساب بیورو نے آغا سراج درانی کی فیملی کو تفتیش کے لئے طلب کر رکھا تھا، سراج درانی کی اہلیہ ناہید درانی، بیٹیوں سارہ اور شاہانہ درانی کے لاکرز سے برآمد ہونے والے زیورات سے متعلق پوچھ گچھ کرنا تھی۔