اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے قوم کو خوش خبری دیتے ہوئے بلوچستان میں ریکوڈک کے حوالے سے ایک غیر ملکی کمپنی کے ساتھ ہونے والے نئے معاہدے کے بارے میں ٹوئٹ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بیرک گولڈ کارپوریشن اور پاکستان کے درمیان ریکوڈک منصوبے کے ایک فریم ورک معاہدے پر دستخط ہو گئے، وزیر اعظم عمران خان نے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ایک کینیڈین مائننگ کمپنی بیرک گولڈ سے معاہدہ ہوا ہے، اس معاہدے کے تحت بلوچستان میں دس بلین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔
انھوں نے ٹوئٹ کیا کہ 10 سال کی قانونی لڑائی اور مذاکرات کے بعد ریکوڈک کان میں دوبارہ کام شروع ہوگا، 10 بلین ڈالر بلوچستان میں لگائے جائیں گے، جس سے 8 ہزار نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی۔
I congratulate the nation & ppl of Balochistan on successful agreement with Barrick Gold for development of RekoDiq mine after 10 years of legal battles & negotiations. Penalty of approx $ 11 bn is off set, $10 bn will be invested in Balochistan creating 8000 new jobs.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) March 20, 2022
نئے معاہدے کے تحت 50 فی صد بیرک اور 50 فی صد پاکستان اسٹیک ہولڈرز ہوں گے۔ اس معاہدے میں پاکستان پر لگائے گئے 11 بلین ڈالر کا جرمانہ بھی ختم ہو جائے گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ریکوڈک ممکنہ طور پر دنیا میں سونے اور تانبے کی سب سے بڑی کان ہوگی، اور یہ ہمیں اپاہج کر دینے والے قرضوں سے آزاد کرائے گا اور ترقی و خوش حالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
وزیر اعظم نے کامیاب معاہدے پر قوم اور بلوچستان کے عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پراجیکٹ 2011 میں قانونی تنازع کی بنیاد پر معطل کیا گیا تھا۔