جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

غذا اور غذائیت سے محروم کردینے والا سبزہ اور جڑی بوٹیاں

اشتہار

حیرت انگیز

چھوٹے بڑے کیڑوں، ٹڈی دل کے حملوں اور چمگادڑوں سے پریشان کسانوں کا دردِ سر مختلف اقسام کی جڑی بوٹیاں بھی ہیں جو کسی فصل کے ساتھ اپنی جگہ بنا لیتی ہیں۔

جڑی بوٹیاں اور قسم قسم کا سبزہ زمین پر حیات اور تنوع کی خوب صورت علامت ہیں۔ لیکن ان کی بعض اقسام ایسی ہیں‌ جنھیں ضایع اور تلف کرنا ضروری ہوتا ہے۔

اگر دھان کی بات کی جائے تو اس کے لیے گھاس کی مختلف اقسام اور جڑی بوٹیاں مسئلہ بنتی ہیں جنھیں ماہرینِ زراعت نے طبعی لحاظ سے تین مختلف گروہوں میں تقسیم کیا ہے۔

سائنس داں ان کی شناخت ڈیلا کے خاندان ، گھاس کے خاندان اور چوڑے پتوں والی جڑی بوٹیوں کے طور پر کرتے ہیں۔

ان میں بعض کے پتے چھوٹے اور نوک دار ہوتے ہیں۔ یہ بانسی گھاس، سوانکی گھاس، ڈھڈن، کلر گھاس ہوسکتی ہیں جب کہ بعض جڑی بوٹیوں کے پتے پرنالہ نما، لمبے اور چمک دار ہوتے ہیں۔ ان کے پتے کے درمیان رگ واضح ہوتی ہے۔ اس کی ایک مثال ڈیلا ہے اور اسی طرح چوڑے پتوں والی جڑی بوٹیاں جیسے مرچ بوٹی، چوپتی وغیرہ بھی دھان کی فصل کے لیے مسئلہ بنتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق ان خود رو جڑی بوٹیوں کو تلف کرلینا چاہیے کیوں کہ یہ کسان کی محنت سے لگائی گئی اور اس کے پودوں کو غذا سے محروم کرنے کے علاوہ اس کے معیار کو بھی متاثر کرتی ہیں۔

فصل کے ساتھ اگ آنے والی گھاس اور جڑی بوٹیوں کو تلف کرنے کے مختلف طریقے ہیں جن میں‌ روایتی طریقے سے ان کو ختم کرنے کے علاوہ زہریلی دوا بھی ڈالی جاتی ہے۔ تاہم اس ضمن میں‌ ماہرِ زراعت سے مشورہ اور آگاہی حاصل کرنا ضروری ہے۔

دورِ جدید میں انسان نے جہاں کئی کام مشینوں کے سپرد کردیے ہیں، وہیں زرعی میدان میں بھی روبوٹ اس کا ہاتھ بٹانے کو تیار ہیں۔ چند سال قبل جرمنی کی ایک کمپنی نے ایسا روبوٹ تیار کرنے کا دعویٰ کیا تھا جو فصلوں کے ساتھ اگنے والی اُن جڑی بوٹیوں کو چند گھنٹے میں ختم کرسکتا تھا جو فصلوں کی غذائیت اور توانائی چوس لیتی ہیں۔

دعویٰ کیا گیا تھا کہ روبوٹ کا خصوصی نظام کسی کارآمد پتے اور بے کار نباتاتی جسم میں تمیز کرسکتا ہے۔ درانتی اور کھرپی کا استعمال کرنے والے کسان زہریلی ادویہ سے تو فائدہ اٹھانے لگے مگر پاکستان جیسے ملک میں شاید ابھی روبوٹ کے ذریعے خود رو گھاس اور پودے تلف کرنا ممکن نہیں۔ تاہم انسان کے لیے مفید غذائی اجناس کو بچانے کے لیے مضر سبزے کو کسی بھی طرح برباد کرنا ضروری ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں