پاکستانی کرکٹر احمد شہزاد نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے قومی ٹیم کے اسکواڈ پر سوالات اٹھا دیے۔
پاکستانی کرکٹر احمد شہزاد نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے قومی ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کے انتخاب پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سلیکٹرز کے فیصلوں پر سوالات اٹھائے ہیں۔
ایکس پرانہوں نے لکھا کہ پاکستان اور یو اے ای میں ٹورنامنٹ ہونے کے باوجود صرف ایک اسپنر ہے۔
احمد شہزاد نے نئے اوپنرز پر بھی حیرت کا اظہار کیا اور لکھا کہ فخر کی واپسی ہورہی ہے اور ہم ابھی تک نہیں جانتے کہ ان کے ساتھ کون اوپن کرے گا۔
انہوں نے عثمان خان اور فہیم اشرف کو پاکستان کے لیے حالیہ ون ڈے پرفارمنس کے بجائے بنگلادیش میں ہونے والی ٹی 20 ٹورنامنٹ میں کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کرنے پر تنقید کی۔
احمد شہزاد نے کہا کہ سعود شکیل کو پلیئنگ الیون میں کہاں فٹ کریں گے، ٹیم کے انتخاب سے ظاہر ہوتا ہے کہ نظام کتنا غیرپیشہ ورانہ ہوگیا ہے۔
انہوں نے سلیکٹرز پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ آئی سی سی کے ایک بڑے ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کی تیاری تھی جس کی وہ میزبانی کررہے ہیں۔‘