دمشق: سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جمعرات کو دمشق میں پیپلز پیلس میں شام کی نئی انتظامیہ کے سربراہ احمد الشرع سے ملاقات کی۔
اس اہم ملاقات کے دوران شہزادہ فیصل نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولئ عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کی جانب سے الشرع اور شامی عوام کو تہنیتی پیغام پہنچایا۔
جواب میں احمد الشرع نے دوطرفہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مملکت کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ فریقین نے شام میں سیاسی، انسانی اور اقتصادی حالات میں بہتری کی کوششوں کا جائزہ لیا۔
بات چیت اس اہم نکتے پر مرکوز تھی کہ شام میں سلامتی، استحکام اور اتحاد کو فروغ دیا جائے، فریقین نے ملک کے لیے سیاسی، انسانی اور اقتصادی مدد کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے شام پر عائد پابندیوں کو ہٹانے کے معاملے پر بھی غور کیا، پابندیاں ہٹنے سے شام میں اقتصادی بحالی اور اہم انفراسٹرکچر کی تعمیر نو کے زیادہ مواقع فراہم ہو سکیں گے، سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ شام کی نئی انتظامیہ عالمی اور عوامی سطح پر درست اقدامات کر رہی ہے۔
حماس کا اسرائیل کی یرغمال خواتین فوجیوں کو رہا کرنے کا اعلان
انھوں نے کہا سعودی عرب شام کے ساتھ کھڑا ہے، بین الاقوامی برادری کے ساتھ کام کرنے کے لیے مزید بہتر فیصلوں کی ضرورت ہے۔
اس ملاقات کو جنگ زدہ ملک کی بحالی اور تعمیر نو کے نازک دور میں سعودی عرب اور شام کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔