آکسفورڈ: 9 سال قبل سانحہ آرمی پبلک اسکول میں دہشتگرد حملے میں زخمی ہونے والے احمد نواز نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کر دیا۔
اپنے چھوٹے بھائی حارث نواز شہید کی برفباری میں کھیلتے تصویر شئیر کرتے ہوئے احمد نواز نے کہا کہ برف میں اپنے چھوٹے بھائی حارث کا پیچھا کرنے سے زیادہ آج مجھے کوئی چیز یاد نہیں ہے۔
احمد نواز نے کہا کہ میرا چھوٹا بھائی، میرا سب سے اچھا اور سب سے مہربان دوست تھا، میرا دل آج اپنے پیاروں کے کھونے پر سوگوار سب کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ وقت کبھی بھی آسان نہیں رہا۔
سانحہ آرمی پبلک اسکول کو آج نو برس بیت گئے۔ آج کے دن سفاک دہشتگردوں نے پھول جیسے بچوں کو لہو لہان کیا تھا۔ اس کی وجہ سے قوم کے دلوں پر جو زخم لگے وہ آج بھی ہرے ہیں۔
پاکستان کی تاریخ میں 16 دسمبر ہمیشہ ایک سیاہ دن کے طور پر یاد کیا جائے گا۔ بلاشبہ یہ ایک قومی سانحہ تھا جس نے ہر پاکستانی کے دل کو زخمی کیا۔
سال 2014ء میں آرمی پبلک اسکول پشاور میں معصوم بچوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنا کر پاکستان کو گہری چوٹ پہنچائی گئی تھی۔ 6 مسلح دہشتگرد اسکول پر حملہ آور ہوئے۔
جدید اسلحے سے لیس امن دشمنوں نے نہتے بچوں اور اساتذہ کو نشانہ بنایا تھا۔ انسانیت کے لفظ سے بھی ناآشنا دہشتگردوں نے 132 بچوں سمیت 149 افراد کو شہید کیا تھا۔