نئی دہلی: بھارتی ریاست گجرات کے دارالحکومت احمد آباد میں لنگوروں نے ائیرپورٹ کے رن وے پر قبضہ کیا جس کو ختم کروانے کے لیے انتظامیہ نے انوکھا قدم اٹھایا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ائیرپورٹ انتظامیہ نے لنگوروں کو بھگانے کے لیے مختلف اقدامات کیے مگر وہ ناکام رہے، رن وے پر دوڑتے لنگوروں کی و جہ سے جہاز کو حادثے کا خطرہ تھا۔
احمد آباد شہر میں واقع سردار پٹیل ائیرپورٹ کے احاطے میں موجود لنگور فضائی آپریشن میں خلل کا باعث بنتے ہیں جس کی وجہ سے ائیرپورٹ کی انتظامیہ بہت پریشان تھی۔
بعد ازاں ائیرپورٹ انتظامیہ کو محکمہ وائلڈلائف کے افسر نے انوکھا مشورہ دیا جس پر عمل کیا گیا تو اُس کے بہت زبردست نتائج سامنے آئے۔
ائیرپورٹ انتظامیہ نے رن وے پر اپنے چند ملازمین کو ریچھ کا لباس پہنا کر کھڑا کردیا اور وہاں بڑے بڑے اسپیکر نصب کر کے اُن میں ریچھ کی آوازیں وقفے وقفے سے چلائیں۔
ہوائی اڈے کے رن وے پر ملازمین ریچھ کا لباس پہن کر کچھ دیر کھڑے ہوتے اور وہ اطراف میں گھومتے بھی ہیں، اس اقدام کے بعد سے لنگور وہاں نظر آنا بند ہوگئے۔
#WATCH Gujarat: An airport official at Sardar Vallabhai Patel International Airport in Ahmedabad dressed in 'bear' costume to scare away langoors on the premises. (Source-Airport Authority of India) pic.twitter.com/Qa6iIPFoLq
— ANI (@ANI) February 7, 2020
ائیرپورٹ کے ڈائریکٹر منوج گنگال کا کہنا تھا کہ ہوائی اڈے کے اطراف میں لنگور بڑی تعداد میں موجود ہیں، ہم انہیں مارنا نہیں چاہتے مگر یہ مسافروں اور پروازوں کے لیے بڑا خطرہ بنتے جارہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس آپریشنل ایریا میں لنگور داخل ہوگئے تھے جس کی وجہ سے دو فلائٹس کو اترنے کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ 10 سے زائد پروازیں ملتوی بھی کرنا پڑی تھیں۔