نارووال: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2018 میں ایک اناڑی کا بت تراش کر عوام کو چورن بیچا کہ یہ صادق اور امین ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کیا نواز شریف نے قوم سے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ نبھایا، انہوں نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، 2013 سے لے کر 2017 تک 11 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کر کے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے تباہ کرنے کے الزام پر پی ٹی آئی کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا، احسن اقبال
احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف نے چین کے تعاون سے 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے سی پیک کا آغاز کیا، ان کے اقدامات کے باعث دنیا بھر سے سرمایہ کار پاکستان آئے لیکن 2018 میں سازش کے تحت ان کو حکومت سے ہٹایا گیا اور ملک پر نالائق اور ناتجربہ کار شخص مسلط کیا گیا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ آر ٹی ایس سسٹم بٹھا کر دھاندلی سے اناڑی کو اقتدار دلوایا گیا، پی ٹی آئی کو چیلنج ہے کہ وہ اپنے دور حکومت میں شروع کیا گیا کوئی ایک منصوبہ عوام کے سامنے رکھے، پاکستان کے خلاف لندن اور امریکا میں پی ٹی آئی نے شرمناک مظاہرے کیے۔
وہ کہتے ہیں کہ رسیدیں مانگنے والا عمران خان اب اپنی رسیدوں سے بھاگ رہا ہے، بانی پی ٹی آئی نے قوم کے 64 ارب روپے پر ڈاکہ ڈالا۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 26ویں آئینی ترمیم پر اتفاق کیا تھا اور اس کے خلاف سپریم کورٹ چلی گئی ہے، آئینی ترمیم سے متعلق درخواستوں پر آئینی بینچ بن چکے ہیں۔