منگل, جون 18, 2024
اشتہار

صنعت کار اور دانشور کہتے ہیں بانی پی ٹی آئی کو اندر ہی رکھیں، احسن اقبال

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہا ہے کہ صنعت کار اور دانشور کہتے ہیں بانی پی ٹی آئی کو اندر ہی رکھیں، اگر وہ باہر آئے گا تو پھر انتشار پھیلائے گا اور محاذ آرائی ہوگی۔

میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان ایک طرف ٹی اے ڈی اے لے رہے ہیں اور دوسری طرف دھمکیاں دیتے ہیں، ملک کو ڈیل ریل کرنے کی کوشش کی تو آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور پی ٹی آئی کیلیے فیصلہ کن مرحلہ ہے، 15 سال سے پی ٹی آئی سیاسی عدم استحکام کو ہوا دے رہی ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی مذاکرات کرنا چاہتے ہیں تو سنجیدگی ثابت کرنا ہوگی، لوگوں کی آواز ہے بانی پی ٹی آئی کو 5 سال کیلیے بند رکھیں کیونکہ ان کے خلاف مقدمات انتہائی سنگین ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور بانی نے فیصلہ کرنا ہے فساد کا حصہ بننا ہے یا ملک کو آگے لے جانے کیلیے کردار ادا کرنا ہے، یہ نہیں ہوگا کہ پارٹی اداروں کے خلاف مہم چلائے اور دوسری طرف بات کرنا چاہیں، پاکستان کو پالیسی کے تسلسل کی ضرورت ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاسی اتحادیوں سے کوئی ناراضگی نہیں ہے، پیپلز پارٹی ہماری اتحادی ہے اس سے کوئی جھگڑا نہیں البتہ ہلکی پھلکی موسیقی چلتی رہتی ہے۔

ٹیکس سے متعلق انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری کیلیے ٹیکس اصلاحات ناگزیر ہے، ہر شخص کو ٹیکس ادا کرنا چاہیے تاکہ حکومتی خزانے پر بوجھ کم پڑے۔

گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی نے سیاسی مذاکرات سے انکار کیا تھا اور واضح کہا تھا کہ مینڈیٹ چور تین سیاسی جماعتوں سے کوئی بات نہیں ہوگی۔

ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن نے بتایا تھا کہ جیل میں ملاقات کے دوران بانی نے واضح کہہ دیا مینڈیٹ چور تین سیاسی جماعتوں سےکوئی بات نہیں ہوگی۔

رؤف حسن کا کہنا تھا کہ بانی نے کہا ہے اشاروں پر ناچنے والوں سے مذاکرات نہیں ہوں گے،مذاکرات سے پہلے ن لیگ اور پی پی اپنےسرپرستوں سےاین او سی تو لے لیں ، یہ اشاروں پرناچنے والی کٹھ پتلیاں ہیں،ان کی طنابیں کہیں اور سے ہلائی جاتی ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں