اسلام آباد : ن لیگی رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کیلئے شہبازشریف ہمارے امیدوار ہیں اور قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لئے متفقہ فیصلے سے پی پی اور ایم ایم اے کے امیدوار کی حمایت کی ہے، انصاف کےدروازے بند ہوئے توعوامی احتجاج کا حق رکھتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا طے تھا اسپیکر کے انتخاب کے لیے پیپلزپارٹی اپنا امیدوار دے گی اور وزیراعظم کے لیے مسلم لیگ ن شہباز شریف کا نام دے گی جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے ایم ایم اے اپنا امیدوار دے گی۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم خورشیدشاہ اورایم ایم اے کے امیدوار کو ووٹ دیں گے، امید ہے الائنس میں شامل جماعتیں اپنے ووٹ ہمیں دے گی۔
انھوں نے کہا کہ ن لیگ میں جو فارورڈ بلاک بنے تھے وہ الیکشن سے پہلے بن چکے، ن لیگ کے پاس جوبھی ارکان ہیں سب نظریاتی ہیں، الیکشن سے پہلے جو کمزور دل اور لوٹے تھے وہ چھٹ گئے۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا وفاداریاں بدلنے والوں کیساتھ عوام نے کیا سلوک کیا، خوش آئندبات ہےعوام نے لوٹوں کے خلاف اتحاد کرلیا ہے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ احتجاجی پروگرام آگے بڑھ رہا ہے، تمام لیگی رہنما سیاہ پٹیاں باندھ کراسمبلیوں میں شرکت کریں گے اور پارلیمنٹ میں بھی احتجاج کریں گے، انصاف کا حق نہیں ملا تو عوامی احتجاج کریں گے۔
مزید پڑھیں : شہبازشریف وزارت عظمیٰ کے متفقہ امیدوار ہوں گے: مریم اورنگزیب
یاد ریے مسلم لیگ ن کی سینئر رہنما مریم اورنگزیب کا بھی کہنا تھا کہ شہبازشریف کووزارت عظمیٰ کامتفقہ امیدوار نامزد کیا گیا ، نواز شریف پر کسی قسم کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان خودساختہ وزیراعظم بن بیٹھےہیں، عمران خان نے پاکستان کےعوام کا ووٹ چوری کیا ہے۔