ننکانہ صاحب: وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ جس قوم میں کیپٹن حسنین جیسے جوان ہوں اسے کوئی شکست نہیں دے سکتا، پاک فوج کی پشت پرحکومت اورحکومت کی پشت پرپاک فوج ہے، حکومت،فوج اور عدلیہ میں بال برابر بھی فرق نہیں۔
یہ بات انہوں نے شہید کیپٹن حسنین کے اہلخانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے کہی، قبل ازیں وزیر داخلہ احسن اقبال شہید کیپٹن حسنین کے اہلخانہ سے ملاقات کے لیے ننکانہ پہنچے۔
انہوں نے شہید کے والد اوربھائیوں سے ملاقات اور تعزیت کی اور شہید کیپٹن حسنین کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی، وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ننکانہ کی زمین نے ایسا بہادر سپوت جنم دیا جو آج قوم کا فخر ہے۔
ایک سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہا کہ حکومت فوج اور عدلیہ میں بال برابر فرق نہیں، پاکستان کے لیے سب ایک ہیں۔
ملک دشمنوں کی کوشش ہے کہ حکومت اور فوج میں بداعتمادی اورعدم استحکام پیدا کیاجائے لیکن انہیں اس میں کامیابی نہیں ہوگی، میں نے بیان دیا، ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس کی وضاحت کردی اور معاملہ ختم ہوگیا۔
مزید پڑھیں: کرم ایجنسی دھماکے میں شہید کیپٹن حسنین سپردخاک
چند روز قبل متنازع بیان دینے والے وزیر داخلہ بولے کہ حکومت فوج اور فوج حکومت کی پشت پر ہے، پاکستان دہشت گردی کے ساتھ ساتھ اقتصادی جنگ بھی لڑرہا ہے۔
وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ غیرملکیوں کی بازیابی کے بعد پوری دنیا پاک فوج کی کارروائیوں کی معترف ہے۔