کراچی: وفاقی وزیر ترقیات و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سندھ کے نامزد وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ سے اچھی سیاسی ورکنگ رلیشن شپ قائم ہے اور ماضی میں بھی بحیثیٹ وزیر خزانہ سندھ مراد علی شاہ نے پاک چائنا کوریڈور اور تھر پروجیکٹ میں وفاقی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے۔
این ای ڈی یونیورسٹی میں دو نئے شعبہ جات اوریکل اور شعبہ زلزلہ پیما کے افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن جاری رہے گا حکومت عوام اور سیکیورٹی ادارے دہشتگردی کو جڑ سے ختم کریں گے دہشتگردی ایک وائرس ہے ۔
انھوں نے کہا کہ گذشتہ تین عشروں سے پہلے ہوئے دہشت گردی کے نیٹ ورک کے مکمل خاتمے میں وقت لگے گا جبکہ شکست کردہ عناصر آخری سانسیں لے رہے ہیں ،انھوں نے کہا کہ دہشتگردی واقعات سے گھبرانے اور ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہمارا حوصلہ بلند ہے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن کو جاری رکھیں گے، انھوں نے کہا کہ پاکستان کو سیاسی افراتفریح نہیں بلکہ اقتصادی لانگ مارچ کی ضرورت ہے جبکہ عمران خان نے الیکشن کمیشن کے متفقہ ناموں پر بھی اعتراض کردیا،انھوں نے کہا کہ عمران خان دو ہزار اٹھارہ تک انتظار کریں اور کے پی کے میں نیا پاکستان بنائیں۔