تازہ ترین

الیکشن قریب آتے ہی احتساب کے نعرے لگائے جاتے ہیں: احسن اقبال

لاہور: وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ الیکشن قریب آتے ہی احتساب کے نعرے لگائے جاتے ہیں۔ نواز شریف عدالتوں میں پیش ہوسکتے ہیں تو مشرف بھی عدالتوں میں پیش ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جمہوری قوتیں اور جمہوری عمل مضبوط ہے۔ چند حلقے الیکشن سے پہلے ایک ماحول بناتے ہیں تاکہ سوال اٹھائے جاسکیں۔ سنہ 2013 میں بھی ایک حلقے کی جانب سے الزامات لگائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن قریب آتے ہی احتساب کے نعرے لگائے جا رہے ہیں۔ پاکستان کے عوام کو اب اور بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا۔ ’چند عناصر پروپیگنڈے کر رہے ہیں جن کا اثر عوام پر نہیں ہو رہا‘۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی کمرتوڑ دی ہے، ملک میں امن بحال ہے۔ ’کراچی میں جہاں بھتے کی پرچیاں چلتی تھیں وہاں پی ایس ایل کا میچ ہو رہا ہے‘۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ یقین دلاتا ہوں حکومت اپوزیشن کے ساتھ نگراں حکومت پر اتفاق کرے گی۔ تاثر دیا جا رہا ہے اتفاق نہیں ہوگا کوئی اور نگراں حکومت بنائے گا۔ ’الیکشن قریب آرہے ہیں مل کر نگراں سیٹ اپ پر گفتگو چاہتے ہیں۔ سیاسی اختلاف الگ لیکن جمہوریت پر کسی قسم کا اختلاف نہیں ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ مرکز اور صوبوں میں نگراں سیٹ اپ کے لیے مکمل اتفاق رائے کریں گے۔ سینیٹ انتخابات وقت پر ہوئے یہ جمہوریت کی کامیابی ہے۔ نواز شریف کی مقبولیت اور ہمدردی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

احسن اقبال نے بتایا کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق عمل کر رہے ہیں۔ ای سی ایل کے لیے جو نام آئے تھے انہیں کابینہ کے پاس بھیج دیا ہے۔ نواز شریف پیش ہوسکتے ہیں تو مشرف بھی عدالتوں میں پیش ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر شہری کو سیکیورٹی فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ مشرف سیکیورٹی سے نہ گھبرائیں انہیں سیکیورٹی دی جائے گی۔ ’احتساب کے خلاف نہیں احتساب کو سیاسی نعرہ بنانے کے خلاف ہیں۔ 5 سال میں احتساب نہیں ہوتا الیکشن سے پہلے یاد آجاتا ہے‘۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -