وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ کہا جا رہا ہے الیکشن سے پہلے نواز شریف کو سزا دی جائے، یہ ن لیگ کے خلاف انتخابات سے پہلے دھاندلی ہوگی۔ نہال ہاشمی کو جیسے جیل میں ڈالا گیا مشرف کو بھی ڈالا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے بجلی کے مسائل پر توجہ نہیں دی۔ نیٹو سپلائی کی وجہ سے ہماری سڑکیں تباہ ہوگئی تھیں۔ حکومت سنبھالی تو ہم نے 3 چیزوں پر بہت توجہ دی ہم نے معیشت، توانائی اور دہشت گردی کے خاتمے پر توجہ دی۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سی پیک کی وجہ سے پورے ملک میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری آئی۔ پورے ملک میں موٹر ویز کا جال بچھایا گیا، اہم سپلائی روٹ بنائے۔ سنہ 2020 تک کراچی سے پشاور تک موٹر وے تعمیر ہوگی۔ کراچی سے پشاور تک موٹر وے اہم سپلائی لائن کا کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے 4 سالوں میں 11 ہزار میگا واٹ کے منصوبے مکمل کیے۔ بجلی آنے سے کارخانوں کی پیداوار میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ رائزنگ پاکستان کے لیے ہمیں ملک میں انتشار کو روکنا ہے۔ سی پیک منصوبے ہدف سے بھی تیزی سے مکمل ہو رہے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہم بھی دنیا کی دیگر قوموں کی طرح تیز منصوبے مکمل کر سکتے ہیں۔ ضروری ہے کہ ہم پالیسیوں کا تسلسل رکھیں۔ ’نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے پر پوری دنیا نے تحفظات کا اظہار کیا۔ فیصلے پر تحفظات سے توہین عدالت ہوتی ہے تو یہ غلط ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت توہین عدالت کے سب سے بڑے مرتکب مشرف ہیں۔ سب سے پہلےعدلیہ پرویز مشرف کے جرائم کی سزا دے۔ ’سپریم کورٹ پولیس کو کہے کہ مشرف کو جیل میں ڈالو تو پھر عدلیہ کو آزاد سمجھوں گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ متنازع ہوجائے تو یہ بھی ہمارا ہی نقصان ہے۔ معاشرے انصاف کے اداروں پر عدم اعتماد پر انتشار میں چلے جاتے ہیں۔ ’انصاف کے اداروں کا احترام لوگوں میں قائم رہنا چاہیئے‘۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔