اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی آزادی ہمارا قومی نصب العین ہے، کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا کہ ن لیگ آج کشمیری بھائی بہنوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کرے گی، کشمیریوں کی آزادی ہمارا قومی نصب العین ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ ملک بھرمیں کشمیریوں کی حمایت میں ریلیاں، جلوس نکالے جائیں گے، کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
مقبوضہ کشمیر میں 1989 سے اب تک ایک لاکھ شہادتیں ہوچکی ہیں، ترجمان دفترخارجہ
ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ کشمیر پربھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف آج دنیا بھرمیں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق دنیا بھرمیں پاکستانی سفارتی مشنزکو تقاریب کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں، دنیا بھرمیں تنازع کشمیرکو اجاگرکرنے کے لیے تقاریب اور احتجاج کیا جائے گا۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ کشمیر یوں کی حق خود ارادیت کی 72سالہ جدوجہد کو اجاگر کیا جائے گا، دنیا کو تنازع کشمیرکی سنگینی سے متعلق ایک بار پھر باورکرایا جائے گا۔