جمعہ, فروری 21, 2025
اشتہار

پاکستانی عوام اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں، احسن اقبال

اشتہار

حیرت انگیز

نارووال: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔

احسن اقبال نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جو لوگ اپنے ملک کو آگ لگانے پر تلے ہوئے تھے آج وہی لوگ غیر ملکی طاقتوں کے آگے گڑ گڑا رہے ہیں، پی ٹی آئی کی بے شرمی کی انتہا دیکھیں 190 ملین پاؤنڈ چوری پر شرمندہ ہونے کی بجائے مزید سازشوں میں مصروف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مجھے کسی کا کوئی خط نہیں ملا، آرمی چیف

انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی ایک سرخ لکیر ہے جو اسے عبور کرنے کی کوشش کرے گا نتائج بھگتنا ہوں گے، کسی ملک دشمن ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

چند روز قبل احسن اقبال نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو خط لکھ کر فوج کو سیاست میں شامل کرنا چاہتے ہیں، وہ سنجیدہ ہیں تو وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھیں اور اگر تجاویز یا شکایات ہیں تو بتائیں، یہ سمجھتے ہیں انہیں دوبارہ اس طرح اقتدار مل سکتا ہے۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان دو مرتبہ آرمی چیف کو خطوط ارسال کرنے کا دعویٰ کر چکے ہیں تاہم سکیورٹی ذرائع نے اس کی تردید کی تھی۔ دو روز قبل انہوں نے سپہ سالار کو تیسرا خط لکھنے کا اعلان کیا تھا۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے بتایا تھا کہ وہ اگلے ہفتے جنرل عاصم منیر کو تیسرا خط لکھ رہے ہیں۔

علمیہ خانم کا کہنا تھا کہ عمران خان چاہتے ہیں اسٹیبلشمنٹ اور چیف جسٹس عوام کے ساتھ کھڑے ہوں، یہ سارے خط کھلے ہیں اور عوام ان خطوں کو پڑھ رہے ہیں، دہشتگردی کے خلاف فوج اور قوم کو ایک ہونا ہوگا۔

چند روز قبل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں واضح کیا تھا کہ مجھے کسی کا کوئی خط نہیں ملا اور اگر ملا تو وزیر اعظم شہباز شریف کو بھیج دوں گا۔

آرمی چیف نے مزید کہا تھا کہ پاکستان آگے بڑھ رہا ہے اور مزید آگے بڑھے گا، پاکستان میں ترقی ہو رہی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں