لندن: وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ امریکی امداد کے لیے نہیں لڑی بلکہ اپنی عوام کے تحفظ کے لیے لڑی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ احسن اقبال نے امریکی نشریاتی ادارے کوانٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان نے دیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تجارت چاہتا ہے امداد نہیں، باعزت قوم ہیں، امریکہ سے احترام کی بنیاد پرتعلقات چاہتے ہیں۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ افغانستان میں امن کے لیے ضروری ہے پاکستان،امریکہ مل کرکام کریں، امن کے لیے عالمی برادری سے مل کرکام کررہے ہیں۔
احسن اقبال نے انٹرویو میں کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ امریکی امداد کے لیے نہیں لڑی بلکہ اپنی عوام کے تحفظ کے لیے لڑی، پاکستان کواس جنگ میں 25 ارب ڈالرسے زائد کا نقصان ہوا۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پرڈالا جاتا ہے، پاکستان واحد ملک ہے جوافغانستان میں عدم استحکام کا شکارہے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ افغانستان میں امن کے لیے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے جبکہ امریکہ کو جنوبی ایشیا، افغانستان کو مختلف اندازمیں دیکھنا ہوگا۔
احسن اقبال نے واضح کیا کہ پاکستانی مفادات کے خلاف کوئی سازش ہوئی توجواب دیں گے۔
پاکستان میں ڈرون حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے‘ احسن اقبال
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے 9 فروری کو امریکہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیکیورٹی آپریشن کے لیے کسی سے بھیک نہیں مانگی، دہشت گردی کے خلاف جنگ اپنے وسائل سے لڑی۔