اسلام آباد : وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے ہمیں ترقی کی راہ میں مقابلہ کرنا ہے دھرنوں کا مقابلہ نہیں کرنا، اپوزیشن جماعتیں دھرنوں کی سیاست چھوڑیں ،تعاون کی سیاست کریں، ہمیں ٹانگیں کھینچنے کی سیاست کو ترک کرنا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت میں آئے تو نوازشریف نےترقی کا وژن دیا، تھرکول منصوبے کو ترقیاتی وژن میں شامل کیا، کوئلہ سعودی تیل کے ذخائر سے زیادہ توانائی دےگا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ منصوبے سے تھرمیں ترقی اورخوشحالی آئےگی اور سیاحت کوفروغ ملےگا، جوکام 66سال میں نہ ہوا ہم نے2سال میں کردیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ خطے کے کسی اور ملک میں دھرنے نہیں ہوتے، ہمارا مقابلہ بھارت اور اس خطے کی دیگر معیشتوں سے ہے، ہمیں یہاں دھرنوں کا مقابلہ نہیں کرناہے، خواتین ملک کی ترقی میں کسی سے پیچھے نہیں۔
مزید پڑھیں : پاکستان کے معاشی استحکام کو پوری دنیا میں سراہا جارہاہے، احسن اقبال
انکا مزید کہنا تھا کہ تھرکول سستی ترین بجلی پیدا کرنے کا ذریعہ بن جائے گا، 140میٹر پر کوئلے کی پیدوارشروع ہوجائے گی، آج تھر میں کام تیزی سے مکمل ہورہا ہے، میٹر کے قریب مائنز کی کھدائی ہوچکی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ تھرکول منصوبہ ثابت کرتا ہے ملکر کام کریں تو کامیاب ہونگے، تھر کول منصوبے کو سی پیک میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہمیں ٹانگیں کھینچنے کی سیاست کو ترک کرنا چاہیے، مخالفین دھرنا سیاست چھوڑ کر ملکی ترقی میں ہمارے ساتھ چلیں ، دھرنوں کی سیاست چھوڑیں، ملکی ترقی کیلئےتعاون کی سیاست کریں۔