لندن: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی کامیابیوں سے دنیا کو آگاہ کرنا چاہتا ہے۔
انھوں نے لندن میں منعقدہ انسداد دہشت گردی کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا شکار ملک تھا، اب دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فاتح ملک بن چکا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ دنیا کو ماحولیاتی تبدیلی، دہشت گردی، انتہاپسندی جیسے چیلنجزدرپیش ہیں جن کی وجہ سے عالمی سیاست ٹوٹ پھوٹ رہی ہے، ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا کہ انتہاپسندی کے اسباب سے آگاہی حاصل کرنے کی ضرورت ہے، یہ جانے بغیراسے شکست نہیں دی جا سکتی، تنازعات کا حل نہ ملنے پرافراد انتہاپسندی کی جانب راغب ہوتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کو سوویت یونین کے خلاف جنگ کے بعد تنہا چھوڑ دیا گیا تھا اور مغربی ممالک فتح کے جھنڈے لہراتے ہوئے نکل گئے تھے لیکن پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جرأت کا مظاہرہ کیا۔
عمران خان نے کبھی یونین کونسل نہیں چلائی، وہ بھلا ملک کیا چلائیں گے: احسن اقبال
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت نے انتہاپسند عناصر سے نمٹنے کیلئے عملی اقدامات کیے، کالعدم تنظیموں کے انفراسٹرکچر، تربیت گاہوں اور نیٹ ورکس کو تباہ کیا، ان کی فنڈنگ روکنے کے لیے اکاؤنٹس منجمد کیے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں مغربی ممالک سے امداد کی ضرورت نہیں، ہم چاہتے ہیں مغربی ممالک انتہا پسندی کے مسئلے کو سمجھیں، یہ ایک دوسرے پر الزام تراشی کا وقت نہیں ہے، انتہا پسندی کے انسداد کے لیے ایک مؤثر پالیسی بنانی ہوگی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔