لاہور: سابق وزیرداخلہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما نے توہین عدالت کیس میں اپنا تحریری جواب عدالت میں جمع کرا دیا جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ عدلیہ کی عزت کرتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے سابق وزیرداخلہ احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔
احسن اقبال نے سماعت کے دوران اپنا تحریری جواب عدالت میں جمع کرادیا جس پرعدالت نے کہا کہ زبانی کلامی بات لکھی ہے خود کوعدالت کے رحم وکرم پرنہیں چھوڑا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ خود کوعدالت کے رحم وکرم پرنہیں چھوڑتے توفرد جرم عائد کردیتے ہیں جس پر سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ موت کے منہ سے آیا ہوں عہدے میرے لیے اہمیت نہیں رکھتے۔
بعدازاں لاہور ہائی کورٹ نے تفصیلی جواب داخل کرنے کے لیے پیرتک سماعت ملتوی کردی۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ن لیگ کی انتخابی مہم عوام چلا رہے ہیں، عوام جانتے ہیں گزشتہ 5 سال میں ملک کی حالت بدلی ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ ن لیگ کے خلاف کارروائیاں یکطرفہ ہورہی ہیں، ایک پارٹی کٹہرے میں ہے۔
چیف جسٹس کو اختیار نہیں کہ وہ ہمیں طعنے دیں بس بہت ہوگیا‘ احسن اقبال
یاد رہے کہ رواں سال 25 اپریل کو احسن اقبال نے عدلیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر کوئی جج محب وطن ہے تو سیاست دان بھی محب وطن ہیں، اگر میں نے کسی پر غلط الزام لگایا توثبوت دیں توہین نہ کریں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔