جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

چائے کم پینے کا مشورہ دینے پر احسن اقبال کو "ارسطو” کا خطاب مل گیا

اشتہار

حیرت انگیز

وفاقی وزیر احسن اقبال کی جانب سے قوم کو چائے کم پینے کی اپیل عوامی ردعمل کا سیلاب آگیا اور لوگوں نے احسن اقبال کو ن لیگ کا ارسطو قرار دے ڈالا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر ترقی ومنصوبہ بندی نے میڈیا سے گفتگو میں قوم سے چائے کم پینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک ملک چائے کی پیداوار میں خودکفیل نہیں ہوجاتا اس وقت تک قوم چائے کی ایک ایک دو دو پیالیاں کم کردے۔

احسن اقبال کا قوم کو یہ مشورہ دینا تھا کہ پہلے ہی غربت اور مہنگائی کی ماری عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا اور ملک بھر سے عوام نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا کسی کا کہنا تھا کہ غریب کے پاس پیٹ بھرنے کے لیے صرف چائے اور روٹی رہ گئی ہے وہ بھی چھین لو، کسی نے کہا کہ ان کا بس چلے تو غریب عوام کو زمین میں گاڑ دیں جب کہ ٹوئٹر پر بھی چائے کا چرچہ ہوگیا دلچسپ ممیز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگیں، اور عوام نے احسن اقبال کو ن لیگی ارسطو کا خطاب دے ڈالا۔

- Advertisement -

احسن اقبال کے مشورے پر ملک کے مختلف شہروں میں عوام نے اے آر وائی نیوز پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہنگائی اور غربت کم نہیں کرسکے، ہماری چائے کم کررہے ہیں، پاکستان پر ایسے لوگ مسلط کردیے گئے جنہیں معیشت کی الف بے کا بھی نہیں پتہ، اپنے شاہانہ اخراجات کم کرنے کے بجائے حکومت عوام سے مطالبہ کررہی ہے۔

ایک دل جلے شہری نے کہا کہ غریب آدمی کے پاس صرف چائے تو بچی ہے یہ اسے بھی کم کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں، ان کو چاہیے کہ یہ اپنے پروٹوکول کم کریں، ایک اور شہری نے ردعمل دیتے ہوئے عوام کی بے بسی ظاہر کردی اور کہا کہ چائے بھی ہم نے کم کرنی ہے، کھانا بھی ہم نے کم کرنا ہے، سارا بوجھ غریب عوام کے اوپر ہی ہے۔

حکمرانوں کی پالیسیوں سے پریشان ایک غریب شہری کا کہنا تھا کہ غریب عوام اگر چائے اور روٹی کم کردے گی تو جیے گی کیسے، ان کا بس چلے تو غریب کو زمین کے اندر ہی دبا دیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی ہر طرف چائے چائے کا چرچا ہونے لگا۔

ایک صارف نے کہا کہ چالیس سال حکومت کرنے والے تجربہ کار قوم سے چائے کی پیالیاں کم کرنے کو کہہ رہے ہیں۔ دوسرے نے ٹوئٹ کیا کہ یہ ہے ان کا معاشی پلان۔

ایک اور ٹوئٹر صارف نے ٹوئٹ کیا کہ چائے پینا کم کردیں واہ ارسطو واہ، اوہ اللہ کے بندو کن کے حوالے کردیا ملک کو۔

 

ایک صارف نے لکھا کہ ان کا تجربہ صرف کپڑے بیچنا اور چائے کی پیالی کم کرنا یا عزت گروی رکھ کر لندن چلے جانا ہے، دوسرے نے لکھا کہ ن لیگی ارسطو انوکھی منطق لایا ہے، چائے کم پیو تاکہ ملک ترقی کرے۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ امپورٹڈ حکومت کا معاشی پلان سامنے آگیا، قوم چائے پینا ایک کپ کم کردے معیشت بھی ترقی کرے گی اور آئی ایم ایف سے بھی چھٹکارا ملے گا، لنڈے کے ارسطو احسن اقبال کی انوکھی منطق، ایسے لوگ پاکستان پر مسلط کردیے گئے جن کو معیشت کی الف ب کا بھی پتہ نہیں ہے۔

 

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں