بدھ, جنوری 15, 2025
اشتہار

ایڈز کا شکار ہونے والے 46 بچے تھیلیسمیا کے بھی مریض ہیں: تحقیقاتی رپورٹ

اشتہار

حیرت انگیز

لاڑکانہ : رتو ڈیرو میں ایچ آئی وی ایڈز کا شکار ہونے والے46بچے تھیلیسمیا کے بھی مریض ہیں، واقعے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرکے وزارت قومی صحت کو ارسال کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق رتو ڈیرو میں ایچ آئی وی ایڈز کے کیسز کے بارے میں ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام نے واقعے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرکے وزارت قومی صحت کو ارسال کر دی ہے۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ایچ آئی وی ایڈز کا شکار ہونے والے46بچے تھیلیسمیا کے مرض میں مبتلا ہیں،ان بچوں کی عمریں دو تا چودہ برس ہیں، بچوں میں ایڈز کی تصدیق غیر سرکاری ادارے کے سینٹرمیں ہوئی۔

- Advertisement -

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غیر سرکاری ادارے کے تھلیسمیا سینٹر میں بچوں کو خون لگایا جاتا ہے، بچوں کو ایچ آئی وی ایڈز غیر معیاری انتقال خون سے ہوا، ایڈز سے متاثرہ 46 بچوں کو دیگر امراض بھی لاحق ہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کو تین ہزار ایڈز ٹیسٹ کٹس فراہم کر دیں، چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ میں ایڈز کا تشخیصی مرکز قائم کر دیا گیا ہے، ایچ آئی وی ایڈز کا شکار بچوں کے خاندان والوں کے ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں