ملتان: نشتراسپتال کے ڈائیلسز یونٹ سے مریضوں میں ایچ آئی وی کی منتقلی کے حوالے سے حکام نے تحقیقات مکمل کرلی ہیں۔
وزیراعلیٰ کے حکم پر ڈائیلسز وارڈ کے ریکارڈ میں ردوبدل اور ٹیمپرنگ کی تحقیقات مکمل گئیں، انکوائری کمیٹی نے وائس چانسلر نشترمیڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر مہناز خاکوانی کا بیان ریکارڈ کیا، پولیس انکوائری کمیٹی نے 10 ڈاکٹرز، ایک نرس اور ریکارڈ کیپر کے بیانات بھی قلمبند کیے۔
پولیس نے بتایا کہ انکوائری کمیٹی نے ڈائیلسز یونٹ کے ریکارڈ میں ٹیمپرنگ بوگس رپورٹس کا اندراج پکڑلیا، 11 اکتوبر کو پہلا واقعہ رپورٹ ہونے کے بعد ڈاکٹرز نے لیب حکام سے جعلی رپورٹس بنوائیں۔
وارڈ کے تمام سینئر ڈاکٹرز اور ایم ایس اس ریکارڈ ٹیمپرنگ کا حصہ تھے، انکوائری رپورٹ آج سیکریٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کو بھجوا دی جائےگی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ڈاکٹرز کے خلاف پولیس براہ راست مقدمہ درج نہیں کرسکتی، اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہیلتھ کئیرکمیشن پہلے ہی ملوث ڈاکٹرز کے لائسنس منسوخی کی سفارش کرچکا ہے۔