کراچی : ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر نے کہا ہے کہ پولیس اور رینجرزکی چوکیوں پر حملوں کے پیچھے کچھ لوگوں کے سیاسی مقاصد ہو سکتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے کراچی میں کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر کا کہنا تھا کہ کراچی میں پولیس اوررینجرزکی چوکیوں پرحملے کو بڑی دہشت گردی سے نہ جوڑا جائے، کچھ لوگوں کے سیاسی مقاصد ہوسکتے ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ کراچی میں جرائم کی وارداتوں میں ستر فیصد تک کمی آئی ہے، اسٹریٹ کرائم میں کمی لانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
موبائل فون اسنیچنگ روکنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد لے رہے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ شہر میں گٹر کے پانی اورسگنلز کی خرابی سے ٹریفک جام ہوتا ہے جس سے لوٹ مار کی وارداتیں بڑھتی ہیں۔