اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

کراچی آنے والے ایئر بلیو پرواز کی اچانک نواب شاہ میں لینڈنگ، مسافروں پر 9 گھنٹے کڑا وقت گزر گیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: لاہور سے کراچی آنے والے ایئر بلیو پرواز کی اچانک نواب شاہ میں لینڈنگ سے مسافروں پر 9 گھنٹے کا کڑا وقت گزر گیا، کولنگ کم ہونے کی وجہ سے مسافروں کو سانس لینے میں بھی دشواری ہوتی رہی۔

تفصیلات کے مطابق نوابشاہ میں لینڈ کرنے والا ایئر بلیو کا طیارہ نوگھنٹے بعد 186 مسافروں کو لے کر کراچی پہنچ گیا ہے، مسافروں کو بتایا گیا کہ جہاز خراب موسم کے باعث نواب شاہ میں اتارا جا رہا ہے۔

تاہم، موسم صاف ہونے کے بعد بھی جب طیارے نے اڑان نہیں بھری تو بتایا گیا کہ طیارے کے معائنے کے لیے انجنیئر کو بلوایا گیا ہے، بعد ازاں ایئر بلیو کا ایک اور طیارہ انجنیئر کو لے کر نواب شاہ ایئر پورٹ پہنچا، ایئر پورٹ ذرائع کا کہنا تھا کہ پرواز پی اے 405 کی روانگی این او سی ملنے کے بعد ہی ہوگی۔

انجنیئر نے ایئر بلیو کے طیارے کو پرواز کے لیے کلیئر قرار دیا تو تقریباً 9 گھنٹے بعد مسافروں کو کراچی روانہ کر دیا گیا۔

قبل ازیں، نواب شاہ اترنے کے بعد جہاز میں کولنگ کم ہونے اور سانس لینے میں دشواری کے باعث خواتین اور بچے شدید پریشانی میں مبتلا رہے، 3 گھنٹوں تک مسافروں کو جہاز سے اترنے نہیں دیا گیا، مسافروں کی جانب سے مزاحمت کے بعد ایئر لائن عملے نے جہاز سے انھیں اترنے کی اجازت دی، اور انھیں لاؤنج میں منتقل کر دیا گیا۔

ایئر بلیو پرواز میں سوار مسافر تنویر آفریدی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم لاہور سے پرواز میں پونے 6 بجے سوار ہوئے تھے، ہمیں خراب موسم کا کہہ کر انھوں نے پرواز کو نواب شاہ میں اتارا، لیکن مبینہ طور پر ری فیولنگ کا تنازع تھا، اور ہمیں خراب موسم کا کہا گیا۔

مسافر نے بتایا کہ ایئر بلیو عملے نے 3 گھنٹے تک مسافروں کو جہاز میں قید رکھا، تین گھنٹوں تک مسافروں کو سیٹ سے اٹھنے بھی نہیں دیا گیا، مسافروں نے مزاحمت کی تو اے ایس ایف اہل کاروں نے آ کر ہمیں پرواز سے اتارا۔

تنویر آفریدی نے کہا کہ پرواز میں سوار ایک بزرگ خاتون نے رونا شروع کیا کہ باہر نکالا جائے، جب نکالا گیا ہے تو یہاں چھوٹا سا لاؤنج ہے، کھانے تک کا انتظام نہیں، ہمیں یہ بھی بتایاگیا کہ کراچی سے جہاز آ رہا ہے جس میں ایک انجینئر سوار ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں