اسلام آباد: سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے حمزہ خان کو آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں منعقدہ ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ، 2023 جیتنے پر مبارکباد دی۔
اسکواش کے نوجوان کھلاڑی حمزہ خان نے آسٹریلیا کے ساحلی علاقے میلبورن میں کھیلے گئے فائنل میچ میں مصر کے محمد زکریا کو 3-1 کے اسکور سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
ائیر چیف نے 37 برس بعد ٹائٹل پاکستان واپس لانے پر نوجوان چیمپئن کو مبارکباد دی، ان کا مزید کہنا تھا کہ اس فتح نے 1986ء میں جان شیر خان کی ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ میں فتح کی یاد تازہ کر دی۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد نے اس جیت کو اسکواش کے کھیل میں پاکستان کی ایک شاندار واپسی قرار دیا کہا کہ پوری قوم کو اس باصلاحیت کھلاڑی کی شاندار کارکردگی پر فخر ہے جس نے اسکواش کے کھیل میں سبز ہلالی پرچم سربلند کیا۔
سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بطور صدر پاکستان اسکواش فیڈریشن یہ کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ ملک میں اسکواش کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔
حمزہ خان نے 37 سال بعد اسکواش میں پاکستان کا نام بلند کر دیا
انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ، پی ایس ایف کے شانہ بشانہ قوم کے لیئے ایسی مزید فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اس مقصد کے لیئے بہترین صلاحیتوں کے حامل نوجوان کھلاڑیوں کی معاونت جاری رکھے گی۔
ائیر چیف نے کہا کہ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ائیر وائس مارشل کاظم حماد اور کنٹیجینٹ مینیجر ائیر کموڈور (ریٹائرڈ) آفتاب صادق قریشی کی جانب سے کی گئی بھرپور کاوشوں اور کھلاڑیوں کو معیاری تربیت کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اسکواش کے کھیل میں باصلاحیت نوجوانوں کی معاونت کے انکے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
ائیر چیف نے نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت اور کوچنگ کی سہولیات فراہم کرنے پر کوچنگ سٹاف کی محنت کی تعریف کی۔
انہوں نے اسکواش کے کھیل میں پاکستان کی کھوئی ہوئی ساکھ بہال کرنے کے لیے پی ایس ایف انتظامیہ کی جانب سے کی گئی بھرپور کوششوں کی بھی تعریف کی۔