اسلام آباد : ایئرچیف مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری کشمیریوں کے مصائب کا نوٹس لے، پلوامہ واقعے کے بعد ترکی کی حمایت کے شکر گزار ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ترکی کے یوم فتح کے موقع پر پر ترک سفارتخانے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب سے ترک سفیر مصطفی یرد کل نے بھی خطاب کیا۔
ایئرچیف مجاہد انور خان کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ25 روز سے مظلوم کشمیری گھروں میں محصورہیں، مقبوضہ وادی میں بچے بوڑھے اور خواتین شدید مشکلات سے دوچارہیں، انہیں غذائی قلت اور ادویات کی کمی کا بھی سامنا ہے،۔
ایئرچیف نے کہا کہ وادی میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس نہ ہونے کے باعث کشمیری اپنے پیاروں کی خیریت معلوم کرنے سے بھی محروم ہیں، بین الاقوامی برادری کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مصائب کا نوٹس لے، مجاہد انور خان کہا کہ پلوامہ واقعے کے بعد ترکی کی حمایت کے شکر گزار ہیں۔
ترک سفیر مصطفی یرد کل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
ترک سفیر کا مزید کہنا تھا کہ او آئی سی اور اقوام متحدہ کے فورمز پر پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے، جدید ترکی کے قیام میں اس خطے کے مسلمانوں کے احسان کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔